بغیراجازت عمرہ کرنے پردس ہزار ریال جرمانہ

سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا ہے کہ عمرے کے لیے  بغیراجازت حرم شریف آنے والوں پر دس ہزار ریال جرمانہ ہو گا۔

سعودی وزارت داخلہ کے عہدیدار کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد حرام اوراس کے صحنوں، مطاف اور صفا ومروہ کے درمیان سعی سمیت تمام مقامات پر کرونا وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے یہ لائحہ عمل طے کیا گیا ہے۔

اگر کوئی شخص رمضان المبارک کے دوران اجازت نامے کے بغیر عمرہ کرنے کے لیے جائے گا تو اسے دس ہزار ریال جرمانہ دیناہو گا جبکہ مسجد حرام میں اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے کی صورت میں  ایک ہزار ریال جرمانہ ادا کرناہو گا۔

سعودی وزارت داخلہ نے سعودی شہریوں اورغیر ملکیوں سے پر زور اپیل کی ہے کہ جو لوگ عمرہ کرنا چاہتے ہیں یا نماز کے لیے مسجد حرام جانے کے خواہش مند ہوں وہ جانے سے قبل اجازت نامہ ضرور ساتھ رکھیں۔

سعودی وزارت داخلہ نے خبردار کیا  ہےکہ سیکیورٹی اہلکار تمام شاہراہوں، چیک پوسٹوں اور حرم شریف جانے والے راستوں پر اجازت نامے چیک کریں گے اور بغیر اجازت نامے آنے  والوں کو حرم شریف جانے سے روکیں گے۔

Back to top button