پنجاب میں آندھی اور طوفانی بارشیں

پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور بارش نے تباہی مچادی،چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 17 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔

اوکاڑہ

بنگلہ گوگیرہ کی نواحی بستی طارق آباد  میں چھت گرنے سے 9 افراد جان کی بازی ہار گئے ،حادثے  میں وفات پانے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حویلی لکھاں حجرہ روڈ پر آندھی سے دیوار زمین بوس ہوگئی  جس میں ملبے تلے دب کر 50 سالہ احمد علی نامی شخص زندگی کی بازی ہار گیا،غوثیہ چوک میں درخت جڑ سے اکھڑ گیا جس کے نیچے دب کر سہیل نامی شخص دم توڑ گیا،اوکاڑہ میں مجموعی طور پر 11 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔

مختلف شہر ،مختلف تباہی کے منظر

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

شیخوپورہ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچے کی جان چلی گئی۔

ساہیوال میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

حافظ آباد میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دس زخمی ہوئے۔

فیصل آباد میں طوفانی ہوائیں چلنے سے ایک گھر کی چھت گر گئی،ملبے تلے دب کر 6 افراد زخمی ہوئے۔

بہاولنگر میں سائن بورڈ گرنے سے  تین افراد زخمی ہوگئے۔

لاہور میں تیز آندھی اور بارشوں سے بجلی کی سپلائی متاثر

 بارش کے بعدلاہور کے متعدد علاقے  بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے اندھیرے میں ڈوب گئے،لیسکو کے100 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔

علامہ اقبال ٹاؤن ،گارڈن ٹاؤن،ٹاؤن شپ،مغل پورہ اور کوٹ لکھپت سمیت  مختلف علاقوں میں رات سے بجلی کی فراہمی معطل رہی اور اب سے چند گھنٹوں پہلے   تدریجاً بجلی کی بحالی شروع ہوئی ہے۔

لیسکو حکام کا اس بارے میں کہنا تھا کہ شکایات موصول ہوتے ہی فیلڈ اسٹاف  حرکت میں آگیا تھا اور بحالی کا کام فوراً شروع کردیا گیا تھا۔

لیسکو انتظامیہ نے مزید کہا ہے  کہ شہری احتیاطی  تدابیر پر عمل کرتے ہوئے بجلی کی تنصیبات  ،تار اور پول وغیرہ سے دور رہیں ،کہیں تار وغیرہ ٹوٹنے کی شکایت ہے تو لیسکو میں درخواست دیں۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے بارشوں کے باعث انتظامیہ  ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا ہے۔

انکا کہنا ہے کہ صورتحال کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جائے،کسی بھی ناخوشگوار واقع  کی صورت میں فوراً  امدادی سرگرمیاں شروع کی جائیں ،امدادی سرگرمیوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

سردارعثمان بزدار نے مختلف شہروں میں   مختلف حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع  پر افسوس کا اظہار کیا ہے  اور حادثات میں زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button