تم کو نہ بھول پائیں گے #دلیپ کمار

فلمی دنیا کا ایک عہد تمام ہوا ،دلیپ کمار کے ڈاکٹر نے بھاری دل سے انکے انتقال کا اعلان کیا۔ ڈاکٹر نے کہا کہ ہم تو چاہتے تھے کہ دلیپ صاحب 100 سال کی عمر پائیں۔

ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ان جیسا شخص ہمیں نہیں لگتا کہ بالی ووڈ میں کبھی پیدا ہوگا۔ انکی شخصیت بہت بڑی تھی ،انہوں نے صرف بالی ووڈ کا نہیں بلکہ اپنے دیش کا نام بھی پوری دنیا میں روشن کیا۔

شہنشاہ جذبات کہلانے والے اداکار اپنے چاہنے والوں کے جذبات سے بھی بخوبی واقف تھے، جس کا  اظہار وہ اکثر اشعار کی صورت میں بیان کرتے رہتے تھے ۔

ہمارے بعد اس محفل میں افسانے بیاں ہوں گے ۔۔ بہاریں ہم کو ڈھونڈیں گی، نجانے ہم کہاں ہوں گے

فلم کی دنیا میں دلیپ کمار ایک عہد کا نام ہیں۔ بالی ووڈ کا بڑے سے بڑا نام بھی دلیپ کمار کے فن اور شخصیت کا دم بھرتے ہیں۔

امیتابھ بچن

ماضی کی یادیں بیان کرتے ہوئے امیتابھ بچن نے کہا انکے جانے سے فن کا ایک ادارہ دنیا سے رخصت ہوگیا، دلیپ کمار صرف اداکار نہیں ایک ادارہ تھے ۔

مجھے ان کے سوا کچھ نظر نہیں آتا کیونکہ وہ میرے آئیڈیل تھے اور میں نے انکی تمام فلمیں دیکھ رکھی ہیں ۔

انکو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا اور میں سمجھتا ہوں کہ جب بھی بھارتی سینما کی تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں ہمیشہ دلیپ کمار سے پہلے اور دلیپ کمار سے بعد کی اصطلاح کی جائے گی، یوں سمجھ لیجیے کہ یہ ایک طرح کا پیمانہ ہے

فلم کی دنیا سے وابستہ شخصیات ہوں یا عام شہری دلیپ کمار کے انتقال کی خبر سب کو ہی افسردہ کر گئی۔

انوپم کھیر

اداکار انوپم کھیر نے بھی سوشل میڈیا پر ایک تعزیتی ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ آج آپ جسمانی طور پر ہم سے دور چلے گئے ہیں لیکن آپ تو ہندوستانی فلمی دنیا کی روح ہیں اور روح تو امر ہوتی ہے۔

آنے والی صدیوں میں جب بھی بھارت کا کوئی بھی فنکار کوئی ڈائیلاگ بولے گا یا ایکٹنگ کا کوئی ایکسپریشن  دے گا تو ہمیں اس کی ایکٹنگ میں آپکی جھلک ضرور نظر آئے گی۔

بالی ووڈ کنگ  شاہ رخ خان ہمیشہ سے ہی دلیپ کمار کی اداکاری کے معترف رہے، دیوداس کے ریمیک کے ذریعے  لیجنڈ کو خراج تحسین پیش کرچکے ہیں۔

اداکار شاہ رخ خان

شاہ رخ خان نے دلیپ کمار کو عصر حاضر کا سب سے بڑا اداکار قرار دیاہے ، عامر خان نے بھی لیجنڈ کو ہمیشہ فالو کیا اور انکے کام کو مشعل راہ قرار دیا۔

اکشے کمار نے کہا کہ دلیپ کمار کی وفات سے بھارتی سینیما کا ایک سنہرا دور ختم ہوا۔بھارتی اداکاراؤں نے بھی خراج عقیدت پیش کیا،گلوکاروں نے بھی تعزیتی پیغامات جاری کردیے۔

کمال حسن

اسکے علاوہ کمال حسن نے سوشل میڈیا پر جاکر دلیپ کمار کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی اور  لیجنڈ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دلیپ صاحب کو ہندوستان کے سب سے بڑے اداکاروں میں سے ایک قرار دیا اور لکھا کہ دلیپ کمار اپنی عظمت کا خزانہ لے کر ہمیں چھوڑ گئے ہیں۔

کمال حسن نے دلیپ کمار کے ساتھ ماضی کی ایک تصویر شیئر کی اور کیپشن میں انہوں نے لکھا "دلیپ کمار صاحب۔ ایک ایسا کیریئر جو مجھ جیسے بہت سارے اداکاروں کو اپنی کارکردگی کو برقرار رکھنے کے لئے عزم کا ایک معیار فراہم کرتا ہے ۔ واقعتا ہندوستان کا ایک بہترین اداکار آج ہمیں چھوڑ گیا ہے لیکن اپنی اداکاری کے ذریعہ ہمیں ایک قیمتی خزانہ سپرد کر گیا ہے۔

 ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ آج بھی نئے اداکار جو کچھ کر گزرنا چاہتے ہیں وہ انکے اُصولی نقطہ نظر کو اپناتے ہیں۔

لتا منگیشکر

گلوکارہ لتا منگیشکر نے بھی اپنے غم کا اظہار کیا ،کہا”یوسف بھائی اپنی چھوٹی بہن کو چھوڑ گئے۔ ان کا انتقال کسی دور کے خاتمے کی طرح محسوس ہورہا ہے۔ میں اس خبر کو سمجھنے کے قابل نہیں ہوں۔ میں بہت غمزدہ ہوں اور الفاظ کی کمی محسوس کر رہی ہوں۔

ایک اور ٹوئیٹ میں لتا نے دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کی پوری لگن اور بے لوثی کے ساتھ دلیپ صاحب کی دیکھ بھال کرنے کی تعریف کی کہا کہ“یوسف بھائی کئی سالوں سے علیل تھے۔ وہ کسی کو پہچاننے کے قابل نہیں تھے۔ سائرہ بانو نے سب کچھ چھوڑ دیا اور خود کو انکے لئے وقف کردیا۔ ان کی کوئی اور زندگی نہیں تھی۔ میں دعا کرتی ہوں کہ ان کی روح کو سکون ملے۔

 دلیپ کمار کی آخری رسومات گزشتہ روز5 بجے ممبئی میں  ادا کی گئیں۔دلیپ کمار بھارت اور پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ بن گئے اور انکی شریک حیات ہونے کی وجہ سے سائرہ بانو بھی اس ٹرینڈ کا حصہ بنی ہوئی ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button