ویکسی نیشن کا عمل بحال ہونا شروع

گزشتہ روز  بھی ویکسین کی قلت کے باعث  کراچی کے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا تھا،ویکسین کی قلت کے باعث ملک بھر کے ویکسی نیشن سینٹر ز دو دن سے بند تھے۔

اُدھر لاہور ایکسپو سینٹر میں  بھی ہفتہ کے روز کی بد نظمی کے بعد  اتوار کے دن بھی ویکسی نیشن بند رہی ،جس کے باعث دوسرے شہروں سے آئے شہریوں کو مایوس لوٹنا پڑا تھا۔

دوسری جانب جون کی  30 تاریخ آنے میں  چند دن رہ  جانے اور ویکسین کی کمی  کے باعث سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کے ملازمین کو  بھی تنخواہیں رکنے کی فکر لاحق ہوگئی  ہےاور طالبعلموں کو  اپنے  امتحانات میں بیٹھنے کی فکر ستا نا شروع ہوگئی ہے۔

 تاہم لاہور اور کراچی والوں کو کورونا ویکسین  لگانے کا عمل آج سے دوبارہ   شروع ہوگیا ہے ، ویکسی نیشن  سینٹرز پر سائینو ویک اور سائینو فارم کا تین دن کا اسٹاک  دستیاب ہے ۔

سائینو فارم صرف سیکنڈ ڈوز والوں کو لگائی جارہی ہے جبکہ آسٹرازینیکا اور کین سائینو بائیو دستیاب نہیں ہیں۔

پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت ڈاکٹر  نوشین حامد کا کہنا ہے کہ ویکسینز کی سپلائی چین کو یقینی بنایا جارہا ہے،چینی ویکسین موجود ہے اور جولائی کے لیے ویکسینز کی بکنگ کی جاچکی ہے،انہوں نے مزید بتایا کہ رواں ماہ کے آخر تک پاک  ویک کی  بھی مزید چار لاکھ ڈوزز تیار ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزچین سے ویکسین کی کھیپ لے کر پی آئی اے کی خصوصی پرواز اسلام آباد  پہنچ گئی  ہے،یہ15لاکھ ڈوز چینی کمپنی سائینو ویک سے خریدی گئی ہیں،  این سی او سی کے مطابق آئندہ ہفتے 20 سے 30 لاکھ کورونا ویکسین ڈوز لگائی جائیں گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان

ایک روز قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین کی سپلائی کے لئے ایک ٹائم لائن شیئر کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ جلد سسٹم پر موجودہ  دباؤ کم ہوجائے گا ،ہم مقامی ویکسین اور ویکسین کی تقسیم  کاری کے  مسائل پر کام کر رہے ہیں جو پیر یا منگل تک کم ہوجائیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دس لاکھ خوراکیں  اس وقت دستیاب ہیں۔

بعدازاں ڈاکٹر سلطان نے میڈیا کو بتایا کہ 20 جون کو 1.55 ملین خوراکیں ، 22 جون کو 2.5 ملین اور دو سے تین ملین خوراکیں 23 اور 30 ​​جون کے درمیان پہنچیں گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ 400،000 سنگل ڈوز پاک ویک کی خوراکیں ( کینسینو) بھی اس مہینے کے آخر تک دستیاب ہوجائیں گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نےمقامی طور پر کورونا ویکسین کی پیداوار  بڑھانے کا  بڑا فیصلہ کیا ہے،آئندہ ماہ سے پاک ویک ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری کا آغاز ہوگا۔

این آئی ایچ پاک ویک کی ماہانہ 30 لاکھ ڈوزز  تیار کرے گا جسکی تیاری کے لیے خام مال چینی کمپنی کین سائینو فراہم کرے  گی ،ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کین سائینو سے 2 کروڑ ڈوز کی  تیاری کے لیے پہلے ہی خام مال خرید چکا ہے،مزید بھی خریدا جائے گا۔

واضح رہے کہ قومی ادارہ صحت میں  تیار شدہ پا ک ویک کورونا  ویکسینزسنگل ڈوز ہے۔

دوسری جانب ملک میں کورونا کا زور ٹوٹنے لگا ہے،کورونا کیسز مثبت آنے کی شرح 2اعشاریہ5 5 فیصد پر  آگئی ہے،کورونا کے باعث 24 گھنٹے میں 30 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 907 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button