ٹوکیواولمپکس: غیرملکی تماشائیوں پر پابندی عائد

کورونا وائرس کی وباء کے باعث تاخیر کا شکار ہونیوالے ٹوکیو اولمپکس کیلئے غیرملکی تماشائیوں کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ تاریخ میں پہلا عالمی ایونٹ ہے جس میں غیر ملکی شائقین شرکت نہیں کرسکیں گے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے ایجنسی فرانس پریس (اے ایف پی) کے مطابق مقامی منتظمین، جاپانی حکام، اولمپکس اور پیراولمپکس حکام کے درمیان ورچوئل میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس غیر ملکی تماشائیوں کے بغیر منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔

ورچوئل اجلاس کے بعد ٹوکیو اولمپکس کی آرگنائزنگ کمیٹی کی سربراہ سیکو ہاشی موتو نے شائقین کی شرکت پر پابندی سے متعلق کہا کہ ’یہ فیصلہ آسان نہیں تھا‘۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور انٹرنیشنل پیرااولمپک کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اولمپکس میں حصہ لینے والے ہر شخص اور جاپانی عوام کی سلامتی کے لیے کیے گئے اس فیصلے کا مکمل احترام اور حمایت کرتے ہیں۔

اس فیصلے کے بعد ٹوکیو اولمپکس تاریخ کا پہلا میگا ایونٹ ہوگا جس میں غیر ملکی تماشائیوں کی آمد پر پابندی لگائی گئی ہے، جاپان سمیت دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ سے منتظمین کی جانب سے ایونٹ کو بھرپور انداز میں منعقد کرنے کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے۔

واضح رہے کہ جاپان میں ایک سروے میں 75 فیصد جاپان نے ٹوکیو اولمپکس میں غیر ملکی شائقین کی شرکت کی مخالفت کی ہے، پول میں صرف 18 فیصد افراد نے غیر ملکی شائقین کو یہ مقابلے دیکھنے کی اجازت دینے کی حمایت کی تھی، ایک اور پول کے مطابق 80 فیصد سے زائد افراد کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے عالمی مقابلے کو منسوخ یا دوبارہ سے ملتوی کر دینا چاہئے۔ 

یاد رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے مارچ 2020 میں ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس کو موخر کر دیا گیا تھا، یہ گیمز 24 جولائی سے 9 اگست 2020 تک منعقد ہونا تھیں تاہم اب یہ نئے شیڈول کے مطابق 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک منعقد ہونے ہیں۔

Back to top button