تھسارا پریرا کے ایک اوور میں 6 چھکے

آل راؤنڈر تھیسارا پریرا کسی بھی طرز کی پروفیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے والے سری لنکا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکن آل راؤنڈر نے ڈومیسٹک کرکٹ کے لسٹ اے میچ میں 13 گیندوں پر 52 رنز بنا کر دوسری تیز ترین نصف سنچری بھی اسکور کی ہے۔ 

کسی بھی سری لنکن کی جانب سے لسٹ اے میں تیز ترین ففٹی کا ریکارڈ سابق آل راؤنڈر کوشلیا ویرار تنے کے پاس ہے جنھوں نے نومبر 2005 میں 12 بالز پر 50 کا ہندسہ عبور کیا تھا۔

سری لنکا آرمی ٹیم کے کپتان تھیسارا پریرا نے ایک کلب ٹورنامنٹ  کے دوران بلوم فیلڈ کرکٹ اینڈ ایتھلیٹک کلب کے اسپن بولر دِلہان کورے کی بالنگ پر یہ کارنامہ سر انجام دیا۔

واضح رہے کہ اس کے ساتھ ہی پریرا ایک ہی اوور میں 6 چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کی اس فہرست میں شامل ہوگئے جس میں پہلے سے ہی روی شاستری، گیری سوبرز، ہرشیل گبز، روس وائٹلے، حضرت اللّٰہ زازئی، یوراج سنگھ، کیرون پولارڈ اورلیو کارٹر  شامل ہیں۔ 

Back to top button