دنیا اسرائیل کی جارحیت کے خلاف سراپا احتجاج

غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں کے خاتمے کا مطالبہ کرنے کے لئے دنیا بھر میں بڑے مظاہرے کیے جارہے ہیں۔

مظاہرین نے "آزاد فلسطین” کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیلی  جھنڈے  نذر آتش کیے اور پلے کارڈز پر نعرے درج کر کے فلسطین کے ساتھ اپنی حمایت کا اظہار کیا۔

متعدد افراد نے اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی اور فلسطین میں جاری اسرائیلی وحشیانہ رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

گذشتہ  ہفتےمقبوضہ مشرقی یروشلم کے پڑوس شیخ جراح  میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی حملہ اور چھاپوں کی صورت میں شروع ہونے والا اسرائیلی  جارحانہ تشدد کا سلسلہ  آٹھویں روز بھی بدستور جاری ہے جبکہ غزہ کی پٹی پر ناکہ بندی  اور اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں متعدد فلسطینی شہید،درجنوں زخمی اور ہزاروں بے گھر ہوگئے ہیں۔

 جہاں غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ جاری ہےوہیں اسرائیل کے اندر شہروں ، دیہاتوں اور نام نہاد "مخلوط” شہروں میں ہزاروں فلسطینی شہری سڑکوں پر نکل آئے اور خود ساختہ یہودی ریاست میں رہتے ہوئے اپنی شناخت قائم کرنے کے لئے  احتجاج کیا۔

دوحہ ،قطر میں ہزاروں افراد نے امام محمد بن عبدالوہاب مسجد میں  فلسطینی جھنڈے لہرائے اور فلسطین کے عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔

جرمنی کے شہر سٹیٹ گارٹ میں بھی فلسطین سے  یکجہتی کے اظہار کے لیے لوگوں نے مارچ کیا۔

بغداد میں عراقی مظاہرین نے  ایٹمی  حملوں کا سامنا کرنے والے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک مظاہرے کے دوران فلسطینی پرچم لہرائے۔

فضائی حملے

اسرائیل کے فضائی حملوں میں غزہ کی پٹی  پر متعدد عمارتوں کو  تباہ  کرنے کے  اسرائیلی اقدام  کے خلاف امریکہ میں ہزاروں افرادنے فلسطینیوں کی حمایت کے لئے نیو یارک شہر میں ریلی نکالی۔

جنوبی افریقہ کے شہریوں نے کیپ ٹاؤن میں پارلیمنٹ کے باہر غزہ میں فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔

ترکی کے شہر انقرہ میں اسرائیل کے خلاف مظاہرے کے دوران خواتین نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے نعرے  لگائے۔

بیلجیئم کے شہر برسلز میں فلسطینیوں کے حامی مظاہرے  ہوئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اسرائیلی سرحد کے قریب جنوبی لبنان کے ادیسہ گاؤں میں فلسطین کے ساتھ  اظہار یکجہتی  کے لیے مظاہرے جاری ہیں۔

فرانس کے شہر پیرس میں لوگوں نے فلسطینیوں کی حمایت کا مظاہرہ کیا۔

فلسطین پر اسرائیلی بمباری اور حملوں کے خلاف کراچی ، لاہور اور کوئٹہ سمیت  پاکستان کے مختلف شہروں میں  بھی ریلیاں اور مظاہرے کیے  جارہے ہیں۔

مظاہرین نے اسرائیلی فوج پر بمباری اور فلسطینیوں کی  مظلومانہ شہادت کی مذمت کرتے ہوئے مسلم رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں مظالم رکوانے کے لیے عالمی برادری پر زور ڈالیں  ۔

دریں اثنا جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے 21 مئی بروز جمعہ کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button