ٹُک ٹُک مارچ” متعدد فنکار اور کھلاڑی شریک”

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکار اور کھلاڑی وسیم اکرم حال ہی میں "ٹُک ٹُک مارچ” کے نام سے ہونے والی ایک تقریب میں شریک ہوئے، ٹُک ٹُک مارچ میں ماہرہ خان، ہمایوں سعید، بلال اشرف، ایچ ایس وائے، صنم سعید، فیروز خان، مایا علی اور عائشہ عمر سمیت پاکستانی شوبز انڈسٹری کے دیگر فنکاروں نے شرکت کی۔

ٹُک ٹُک ایک غیر سرکاری فلاحی ادارے (این جی او) کی جانب سے شروع کی گئی رکشہ سواری ہے جسے خاص طور پر معذور افراد کے لیے شروع کیا گیا ہے یعنی اس کے چلانے والے معذور افراد ہیں، پاکستانی فنکاروں کی اس تقریب میں شرکت کا مقصد بھی یہی ہے کہ معذور افراد بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں، انہیں کمتر نہ سمجھا جائے اور ان کے ساتھ سفر کرتے ہوئے کسی قسم کا خوف محسوس نہ کیا جائے ۔

فنکاروں کی آراء

تقریب میں شریک اداکار فیروز خان کا ایک معذور کیپٹن کے ساتھ رکشے پر سواری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں بہت پرجوش اور بہت خوش ہوں کہ ہم ان جیسے لوگوں کے لیے کچھ کر رہے ہیں، فیروز خان نے کراچی کے شہریوں اور اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ باہر نکلیں اور ان رکشہ ڈرائیورز پر بھروسہ کریں، ان کے ساتھ سفر کرتے ہوئے فکرمند نہ ہوں، مجھے امید ہے کہ آپ ان کے ساتھ اور یہ (رکشہ ڈرائیورز) آپ کے ساتھ خود کو محفوظ سمجھیں گے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے نہ صرف اس ریلی میں شرکت کی بلکہ رکشہ میں سفر بھی کیا اور آٹو چلانے والے آکاش نامی ہندو ڈرائیور کو ہولی کی مبارکباد بھی دی۔

اداکارہ مایا علی کی جانب سے اس دوران کہا گیا کہ ہم سب ہی میں کوئی نہ کوئی کمی ہوتی ہے،میں نے آج ریلی کے سب ہی شرکاء سے مل کر بہت کچھ سیکھا اور آج میں اپنے اللّٰہ کی بہت شکر گزار ہوں۔

Back to top button