بارشوں نے تباہی مچادی

گزشتہ روز اندرون سندھ میں ہونے والی بارشوں نے تباہی مچادی ،دادو میں میہڑ بائی پاس کے قریب گھر کا چھجا گر گیا ،حادثہ میں 3 بچے جاں  بحق اور ایک بچی زخمی ہوئی۔

سکھر میں سولر پینل گر گیا جسکی زد میں آکر خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے،میر پور خاص اور ٹنڈوالہیار میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا،بجلی کے 17 سے زائد فیڈرز ٹرپ ہوگئے ۔

خیر پور میں مٹی کے طوفان کے باعث کئی درخت گر گئے،لاڑکانہ اور کندھ کوٹ میں بھی تیز ہواؤں اور ہلکی بارش کے باعث بجلی  کی فراہمی معطل ہوگئی۔

پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بھی  بارش  نے نظام زندگی  کومتاثر کیا جبکہ ہری پور میں دیوار گرنے سے 2 افراد جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہوگئے۔

موسم کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق منگل سے  جمعرات کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں موسم   گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقوں میں شدید گرم  رہے گا۔

اس دوران ملتان ،بہاولپور اور سرگودھا میں  زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 44 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ ،لاہور اور فیصل آباد میں 43 سے45 ڈگری سینٹی گریڈ  رہنے کی توقع ہے ،اگلے تین روز کے دوران  صوبہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں  بھی موسم شدید گرم اور خشک ہی رہے گا۔

اس دوران کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ،جیکب آبادمیں  45 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ ، شہید بے نظیر آباداور سکھر  میں  46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ،میرپور خاص اور حیدرآباد میں 43 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ ،کوئٹہ 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ اور سبی میں 45سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے جمعرات کے دوران کراچی میں رات اور صبح کے اوقات میں  بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button