اچانک موسم کی تبدیلی

کراچی کے مختلف علاقوں میں رات ہونے والی بوندا باندی کے باعث آج بھی شہر میں مطلع جزوی طورپر ابر آلود ہے ،آج رات بھی  شہر میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اندرون سندھ میں ہونے والی بارشوں کے باعث  کراچی میں موسم تبدیل ہوا،رواں ماہ  کراچی میں پری مون سون بارشوں کے سلسلے  کا شروع ہونے کا  بھی امکان ہے۔

کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے14 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور آج کراچی کا درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35 سے 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

موسم  کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق اتوار سے منگل کے دوران ملک کے پیشتر بالائی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

تاہم  اتوار کے روز کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ اتوار سے جمعرات کے دوران ملک کے تمام میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

اگلے تین روز کے دوران سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات اور صبح کے اوقات میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button