پشاورسروسز کلب میں کھانے پکانے کے مقابلے

محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم و امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیرانتظام پشاور سروسز کلب میں صوبے کی نوجوان نسل کو پلیٹ فارم مہیا کرنے کیلئے ان کے مابین کھانے پکانے کے مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں پشاور، ڈسٹرکٹ اورکزئی، سوات،ملاکنڈ، چترال، ایبٹ آباد، بٹگرام، ڈسٹرکٹ خیبر، مردان، کوہاٹ، چارسدہ اور دیگر ڈسٹرکٹ سے65 مردوخواتین نوجوانان نے مقابلوں میں حصہ لیا ۔

16مارچ سے 19 مارچ تک منعقد ہونے والےان مقابلوں کے پہلے دو روز نوجوانوں سے آڈیشن لئے جائینگے جس کے بعد 18 مارچ کو 20 بہترین شرکاء کے مابین مقابلے ہونگے جس میں بہترین پانچ شرکاء کا چناؤ کیا جائے گا، ایونٹ کے اختتامی روز بہترین 5 نوجوانوں میں کھانے پکانے کا مقابلہ ہوگا جس کے بعد فاتح شرکاء میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے جائینگے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل یوتھ آفیئرزسلیم جان بھی موجود تھے،جنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایونٹ کے انعقاد کا مقصد صوبے کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو دکھاسکیں اور انہیں آگے آنے کے مواقع میسر ہوں،

مقابلوں میں شریک نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ان میں سرٹیفیکیٹ اور جیتنے والے نوجوانوں میں نقد انعامات تقسیم کئے جائینگے، جبکہ ساتھ ہی نوجوانوں کیلئے محفل موسیقی بھی منعقد کی جائے گی،محکمہ امورنوجوانان خیبرپختونخوا کے زیراہتمام کھانے پکانے کے مقابلوں میں 14 تا 29 سال کی عمر کے نوجوانوں نے آن لائن اپنی شرکت کی ہے جن کے مابین ٹیم اور انفرادی طور پر کھانے پکانے کے مقابلے جاری ہیں،مقابلوں میں ہر ٹیم سے ایک شیف اور ایک مدد گار(ہیلپر) کا انتخاب کیاگیا ہے۔

Back to top button