کراچی میں لوڈشیڈنگ سے پریشان لوگ

کراچی کے با سی شدید گرمی میں بد ترین قسم کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان ہیں ۔

جہاں کراچی میں گرمی کی شد ت  روز بروز بڑھتی ہی جا رہی ہے وہیں ،کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے اوقات میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے،شہر  کے اکثر علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب ہے۔

سو فیصد ریکوری والے لوڈ شیڈنگ سے  مستثنی  علاقوں کو بھی  گھنٹوں گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ دن ہو یا رات لائٹ آتی کم اور جاتی زیادہ ہے،گزشتہ رات طویل لوڈ شیڈنگ سے پریشان ہوکر لیاری والوں نے کے الیکٹرک کے دفتر پر دھاوا بول دیا۔

لوڈ شیڈنگ سےمتاثرہ علاقوں میں  پی آئی بی کالونی ،ایف سی ایریا،نصرت بھٹو کالونی،خواجہ اجمیر نگری ،اتحاد ٹاؤن،یوسف گوٹھ ،بلدیہ،گلستان جوہر،گلشن اقبال،لیاقت آباد  اور لانڈھی شامل ہیں۔

گزشتہ رات بھی کراچی کے اکثر علاقوں میں بجلی غائب رہی جسکی وجہ سے لوگوں نے رات جاگ کر گزاری۔

ملیر ،ماڈل کالونی ،شاہ فیصل اور گلشن اقبال میں رات بھر بجلی آتی اور جاتی رہی۔

ناظم آباد ،نارتھ کراچی ، اورنگی ٹاؤن ،گلبرگ اور فیڈرل بی ایریا میں آدھی رات کے قریب  لائٹ آنے پر لوگوں نے  چند گھنٹوں کے لیے سکون کا سانس لیا۔

لوگوں کا ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ  ہے کہ انہوں نے لاک ڈاؤن تو لگا دیا ہے لیکن  جب بجلی نہیں ہوگی تو گھر کے اندر ٹھہرنا محال ہوگا لہذا   بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بند کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button