پی آئی اے بڑی کھیپ لے آیا (PIA)

چین سے کورونا وائرس کی دس لاکھ ویکسین کی خریدی گئی کھیپ لانے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے دو طیارے اتوار کے روز دوپہر اور ایک طیارہ شام تک اسلام آباد پہنچا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ، پی کے 6852 سے 300،000 سے زیادہ کورونا وائرس ویکسین کی خوراکیں پہنچ گئیں ، جب کہ دوسری پرواز پی کے 6853 سے بھی 300،000 سے زیادہ خوراکیں لے کر اسلام آباد پہنچی، ترجمان نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ ، تیسری پرواز بھی آج شام 10 بجے تک چین سے اسلام آباد پہنچے گی۔

 قومی پرچم بردار کیریئر کے مطابق بوئنگ 777 کا استعمال چین سے کورونا وائرس ویکسین کی خوراک لانے کے لئے کیا جارہا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے خصوصی طیارے چین سے ایک ملین کوویڈ ۔19 کی کھیپ لے کر اتوار کے روز پاکستان کے لئے روانہ ہوے کیونکہ ملک میں کورونا کی تشویشناک صورتحال  کے باعث ویکسینیشن کے عمل کو تیز تر کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔

چین میں پی آئی اے کے کنٹری منیجر ، قادر بخش سانگی نے کہا ہےکہ قومی پرچم بردار طیارہ 29 اپریل کو ویکسین کی مزید 20 لاکھ خوراکیں بھی لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دو خصوصی طیارے اور پی آئی اے کی باقاعدہ ایک پرواز کا استعمال چین سے خوراک لانے کے لئے کیا گیا تھا۔ سی ای او پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں ویکسین کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اورچین سے ویکسین لانے کے ہر فضائی آپریشن کی نگرانی وہ خود کر رہے ہیں ۔

Back to top button