سندھ میں نئی پابندیاں لگ گئیں

سندھ میں کورونا وبا کی شرح میں اضافے کے پیش نظر سندھ  حکومت نے تعلیمی ادارے، تفریحی مقامات  پر پابندی لگانے اور کیفیز،ریسٹورینٹس اورہوٹلوں میں انڈور ڈائننگ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کےزیرصدارت سندھ کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا ۔

 اجلاس میں سندھ محکمہ صحت  نےاجلاس کے شرکا کو سندھ میں کورونا کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔

محکمہ صحت نے بتایا کہ سندھ میں  گزشتہ روز 16 ہزار 2سو62 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1ہزار 2سو1 مثبت  کیسز سامنے آئےجس سے صوبے میں نئے کیسز کی شرح 7.4 فیصد ہوگئی ہے۔

  ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 13جولائی کو کراچی میں کورونا کیس مثبت آنے کی شرح 17.11 فیصد تھی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں کورونا مثبت آنے کی شرح  21 فیصد، جنوبی میں 15فیصد، وسطی میں 12فیصد اور کورنگی میں کیسز مثبت آنے کی شرح 8 فیصد  رہی۔

محکمہ صحت سندھ نےبریفنگ  میں بتایا کہ سندھ میں گزشتہ ہفتے کے دوران  کورونا کے مختلف اقسام کے 356 کیسز سامنے آئے ہیں۔

جن میں  برطانوی  ویرینٹ کے 92، جنوبی افریقا کے 162، برازیل کے 29، بھارت کے 66، پی ون کے 3 اور وائلڈ قسم کا ایک کیس ظاہر ہوا ہے۔

سندھ ویکسین

بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اب تک سندھ کو  ویکسین کی 58 لاکھ 70 ہزار 991 خوراکیں موصول ہوچکی ہیں، جن میں سے چوالیس لاکھ پینسٹھ ہزار نوسو آٹھ (4465908) خوراکیں استعمال ہوچکی ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز کا 5 فیصد سے تجاوز کرناخطرناک صورتحال ہے، خصوصاًکراچی میں صورتحال کافی خراب ہے۔

اجلاس   کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا پابندیوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کردیا۔محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق جمعرات 15 جولائی سے سینما ہال،ہوٹلوں،ریسٹورینٹس اور کیفیز  میں انڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی ۔

جب کہ 16 جولائی سے تفریحی مقامات جیسے پارکس، واٹر پارکس، سی ویو، ہاکس بے اور کینجھر جھیل  پر جانے پر پابندی ہوگی جسکا اطلاق 31 جولائی تک ہوگا۔

جبکہ سوئمنگ پول ،انڈور جمزاور تمام انڈور اسپورٹس کی سرگرمیوں کو بھی جمعہ سے بند کردیا جائے گا۔

اس کے علاوہ 17 جولائی سے پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے طلبا کے لیے اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جب کہ نویں کلاس اور دسویں جماعت کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ حکم نامے کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ میں صرف 50 فیصد مسافر سفر کر سکیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہےکہ کیسز میں کمی نہ آئی تو مزید سختی کریں گے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button