متعدد بالی وڈ سٹارز کرونا کی لپیٹ میں

بھارت میں شدت سے بڑھتی کورونا کی لہر سے بالی ووڈ بھی نہ بچ سکا، گذشتہ ایک ہفتے کے دوران بہت سے اداکاروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، جن میں معروف اداکار رنبیر کپور، ولن کے کردار نبھانے والے آشش ودھیارتی، اسٹوڈینٹ آف دی ایئرکی لیڈ اداکارہ تارا سوتاریا، رام لیلا اور باجی راؤ مستانی جیسی بلاک بسٹر فلموں کے تخلیق کار سنجے لیلا بھنسالی ،گلی بوائے فلم کے اداکار سدھانت چترویدی اور حال ہی میں بگ باس 14 کی  تیسرے نمبر پر آنے والی نکی تنبولی شامل ہیں۔

تاہم تازہ ترین خبروں کے مطابق بالی وڈ اداکار کارتک آریان نے دو روز قبل اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں، ان میں کورونا کی کوئی بھی علامت ظاہر نہیں ہوئی تاہم پھر بھی انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے اور اپنے معالجین سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کارتک کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے سے ایک روز قبل اداکارہ تبو نے ان کے ساتھ بھول بلیاں 2 کی بہت مشکل سے شروع ہونے والی شوٹنگ کی تھی اور اب تبو کا بھی کورونا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔

عامر خان کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، جس کے بعد ان کی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ روک دی ہے اور اب وہ مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد دوبارہ شوٹنگ شروع کردیں گے۔

اس فلم میں عامر خان کے ساتھ کرینہ کپور بھی اداکاری کرتی نظر آئیں گی اور توقع ہے کہ فلم رواں سال کے آخر تک ریلیز ہو گی۔

Back to top button