خواتین کے لیے لاہور قلندرز کا بڑا اقدام

معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے انفارمیشن اور  لاہور قلندرز نے خواتین کرکٹرز کے لئے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کا اعلان کیا ہے، فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اس اقدام سے پاکستان میں ان خواتین کے لئے نئی راہیں متعین ہونے جا رہی ہیں جو کھیلوں میں بہترین کارکردگی حاصل کرنا چاہتی ہیں ۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزر لاہور قلندرز نے خواتین کرکٹرز کے لئے پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کیا ۔ یہ پروگرام حکومت پنجاب کے تعاون سے شروع کیا جارہا ہے لیکن اسے تمام صوبوں تک بڑھایا جائے گا ۔

قلندرز کی خواتین پی ڈی پی کا آغاز چھ شہروں میں ٹرائلز سے ہوگا جس کے بعد منتخب کھلاڑیوں کے درمیان ایک ٹورنامنٹ ہوگا جس میں وہ اپنے شہروں کی نمائندگی کریں گی، کھلاڑیوں کو قلندر ایچ پی سی میں تربیت دینے اور مزید تربیت کے لئے آسٹریلیا کا دورہ کرنے کا بھی موقع ملے گا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے زیر اہتمام ویمن پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کے افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ خواتین کرکٹرز اس اقدام سے مستفید ہوں گی۔

 انہوں نے مزید کہا  کہ لاہور قلندرز نے خواتین کرکٹرز کے لئے ایک عمدہ پروگرام شروع کیا ہے، ہندوستان ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مقابلے میں پاکستانی خواتین کرکٹرز مہارت میں پیچھے ہیں، اس پروگرام سے اس خلا کو دور کرنے میں مدد ملے گی، وزیر اعظم کرکٹ کا ایک بڑا نام بھی ہیں اور وہ ہر کھیل میں پاکستان کو سر فہرست دیکھنا چاہتے ہیں۔

Back to top button