اداکار عمران عباس ترکی میں سفیر مقرر

پاکستانی اسٹار عمران عباس جو کہ آج کل نجی ٹی وی چینل کے لیے استنبول سے خصوصی رمضان ٹرانسمیشن کر رہے ہیں ان کو ترک حکومت کی مذہب اور ثقافتی امور کی وزارت کی جانب سے معروف ترک اداکاروں کے ساتھ افریقی ممالک کے دورے کے لئے پاکستان کے خیر سگالی سفیر کے طور پر بھیجا جا رہا ہے ۔

عمران عباس نے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کی کہ انہیں ترکی کی حکومت اور اس کی وزارت مذہبی امور (دیانات) کے ذریعہ پاکستان کے خیر سگالی سفیر کے طور پر منتخب ہونے پر فخر ہے اور وہ رواں ہفتے معروف ترک اداکاروں کے ساتھ تنزانیہ اور متعدد افریقی ممالک کے عوام کو پانی ، کھانا ،تعلیم اور زندگی کی دیگر بنیادی ضروریات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ہزاروں قرآن پاک کا تحفہ وہاں کے مسلمانوں کو پیش کرنے کے لیے دورہ کریں گے ۔

انہوں نے پوسٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ  الحمدللہ# ترکی# پاکستان# گڈول ایمبیزیڈر#  استعمال کیے۔ اداکار عمران عباس کو ترک حکومت نے پاکستان سے اپنا خیرسگالی سفیر مقرر کیا ہے اور وہ خیراتی کاموں کے لئے معروف ترک اداکاروں کے ہمراہ افریقہ کے ممالک جا رہے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ دیگر ترک اداکاروں کے ساتھ ایک چارٹرڈ طیارے میں وہاں جارہے ہیں ، جن کے نام  کا وہ ابھی تک انکشاف نہیں کرسکتے ہیں ۔

Back to top button