کشمیر پریمئر لیگ کے آئیکون اور پلیئرز کا اعلان

کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) کے صدر عارف ملک نے اسلام آباد میں منگل کے روز لیگ کے افتتاحی ایڈیشن کے لئے آئیکون اور مارکی کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔

کے پی ایل لیگ کے ابتدائی ایڈیشن کے میچز 16 سے 27 مئی، مظفرآباد کرکٹ اسٹیڈیم میں ہورہے ہیں،12 روزہ ٹاپ فلائٹ ایونٹ میں چھ ٹیموں میں مظفرآباد ٹائیگرز ، میر پور رائلز ، کوٹلی پینتھرس ، راولاکوٹ ہاکس ، باغ اسٹالینز ، اور اوورسیز واریئرز شامل ہیں۔

ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کے پی ایل تیمور خان نے میڈیا کو بتایا کہ شاندار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی مظفرآباد ٹائیگرز کا آئکون ہوں گے جبکہ محمد رضوان مارکی کھلاڑی ہوں گے۔

سرفراز احمد اوورسیز واریئرز کا آئیکون ہوں گے ، جبکہ حسن علی بحیثیت مارکی کھلاڑی ٹیم کی نمائندگی کریں گے ۔ انہوں نے کہا ، "اسی طرح ، فخر زمان راولاکوٹ ہاکس کا آئکون ہوں گے ، جبکہ عماد وسیم ان کے مارکی کھلاڑی کے طور پر ایونٹ میں شامل ہوں گے”۔

تیمور کے مطابق ، پاکستان کے کپتان بابر اعظم کو کوٹلی پینتھرس کا آئیکون نامزد کیا گیا ہے ، جبکہ محمد حفیظ کو مارکی پلیئر کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

شعیب ملک میرپور رائلز کا آئیکون ہوں گے ، جبکہ شاہین آفریدی ان کے مارکی کھلاڑی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ” کے پی ایل کا مقصد آزاد جموں و کشمیر سے ہونہار کھلاڑیوں کو سامنے لانا ہے”۔ تیمور نے مزید کہا ، "ہمیں امید ہے کہ لیگ سے متعدد باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں گے ، جنھیں بالآخر بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے کا موقع ملے گا”۔

انہوں نے کہا کہ کے پی ایل ،اے جے کے (آزاد جموں کشمیر) کے کھلاڑیوں کو ایک بہترین موقع پیش کرے گا تاکہ وہ پاکستان کے اسٹار کرکٹرز کے ساتھ کھیل سکیں اور ان سے سیکھیں۔

Back to top button