آئی سی سی کا آئندہ 8 سالوں کا شیڈول

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل  نے 2024 سے 2031 تک  اپنے ایونٹس کے شیڈول کا اعلان  کردیا ہے،ان 8 سالوں میں 2 پچاس اوورز کے ورلڈ کپ ، 4ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  اور 2 چیمپینز ٹرافی کے مقابلے ہوں گے۔

مزید یہ کہ 2027اور 2031 میں  پچاس اوورز کا ورلڈ کپ ہوگا،اس میں آئی سی سی نے ٹیموں کی تعداد بڑھا کر 10 سے 14 کردی ہے۔

پچھلی بار 2019 کے ورلڈ کپ میں 10 ٹیموں نے شرکت کی تھی،2023 کے عالمی کپ میں بھی 10 ہی ٹیمیں ہی مد مقابل آئیں گی مگر اب 2027 اور 2031 کے ورلڈ کپ میں 14 -14 ٹیمیں  شرکت کریں گی۔

سات -سات ٹیموں کے دو  گروپس بنائے گئے ہیں ، 3-3 ٹیمیں سپر 6 مرحلے میں جگہ بنا پائیں گی ،50 اوورز کے عالمی کپ کی طرح ٹی ٹوئنٹی کے ورلڈ کپ میں بھی  ٹیموں کی تعداد کو بڑھا کر 20 کردیا گیا ہے۔

مختصر فارمیٹ کا عالمی میلہ 2024، 2026 ،2028 اور 2030 میں ہوگا جس میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی، 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں سپر  8 مرحلے میں جگہ بنائیں گی جس کے بعد سیمی فائنل اور فائنل ہوں گے۔

چیمیئنز ٹرافی

آئی سی سی چیمیئنز ٹرافی کو بھی آئی سی سی  شیڈول میں دوبارہ جگہ مل گئی ہے،2017 میں آخری چیمپیئنز ٹرافی ہوئی تھی جسکا ٹائٹل پاکستان نے اپنے نام کیا تھا۔

تو 8 سال بعد 2025  میں ایونٹ کا دوبارہ  انعقاد ہونے جارہا ہے ،جس میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی،4 سال بعد 2029 میں چیمیئنز ٹرافی دوبارہ ہوگی۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے 4  فائنل ہوں گے،2025 سے 2031 تک   ہر دو سال میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن کا فیصلہ ہوگا۔

آئی سی سی ایونٹس کے میزبان ممالک کا فیصلہ رواں برس ستمبر میں ہوگا یعنی اب 2024 سے 2031 تک  ہر سال آئی سی سی کے ایونٹس ہوں گے۔

Back to top button