زمین کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے

آج دنیا بھر میں زمین کا عالمی دن "ارتھ ڈے ” کے نام سے منایا جارہا ہے اسی کے تحت گوگل نے بھی اپنا ڈوڈل ہرا بھرا بنالیا ہے۔

آج (22 اپریل) یوم ارتھ ہے ، جو ایک بین الاقوامی دن ہے ، جو ماحولیاتی تحفظ کے لئے تعاون کا عہد کرنے کے لئے دنیا بھر میں منایا جاتا ہے ، سال 2021 میں ماحولیاتی تحفظ کی عالمی تحریک کا 51 واں یوم تاسیس منایا جارہا ہے ، اس سال کے یوم ارتھ کا مرکزی خیال ‘ہماری زمین کو بحال کریں’ ہے۔

یوم ارتھ ہر سال 22 اپریل کو منایا جاتا ہے، اس دن 1970 میں  عالمی سطح پر ماحولیاتی  تحفظ کی تحریک کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ آج کے دن آب و ہوا کی تبدیلی اور گلوبل وارمنگ کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے متعدد ایجنسیاں اور حکومتیں خصوصی تقریبات کا اہتمام کرتی ہیں، یہ دن ہمیں ماحولیات کے تحفظ کی طرف کام کرنے اور تحفظ کی ضرورت پر توجہ دینے کی ترغیب دیتا ہے۔

یوم ارتھ 2021 کا موضوع ‘ہماری زمین کو بحال کرنا’ ہے، اس میں قدرتی عمل کو اپنانے اور ابھرتی ہوئی ماحول دوست ٹیکنالوجی پر توجہ دی گئی ہے جو ماحولیاتی نظام کو بحال کرسکتی ہے۔

وین ایچرالسٹس کے امیت بنکا نے کہا ، "یوم ارتھ علامت ہے ان تمام مقاصد کی جو کہ ہم مستقبل کی نسلوں کے لیے اس دنیا کو ایک  بہترین جگہ بنانے کے لئے پورا کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں اس دن کو ہر دن منانا چاہئے۔

دریں اثنا گوگل ڈوڈل نے بھی یوم ارتھ کے موقع پر سال 2021 کی مبارکباد پیش کی۔ آج کا ڈوڈل ایک ایسا حرکت پذیری خاکہ ہے جس میں پودوں کی اہمیت کو اجاگر کر نے کی کوشش کی گئی ہے جو مستقبل کو روشن بناسکتے ہیں۔

گوگل نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ لوگوں کےگھر میں زیادہ وقت گزارنے کے ساتھ ” گھر کے پودوں ” سے متعلق انکی سرگرمیاں گذشتہ سال کے دوران ریکارڈ عروج پر پہنچ گئیں ۔ یوم ارتھ کو دنیا کا سب سے بڑا عالمی ایونٹ تسلیم کیا جاتا ہے ۔

Back to top button