سابق صدر پاکستان انتقال کرگئے

سابق صدر پاکستان ممنون حسین علالت کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے۔

سابق صدر کے صاحبزادےارسلان ممنون نے  انکےانتقال کی تصدیق کی۔ارسلان ممنون نے بتایا کہ والد  کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ دو ہفتے سےکراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

ممنون حسین 2013 سے 2018 تک پاکستان کے صدر  کے منصب پر فائز رہے ۔ان کا شمار مسلم لیگ ن کے سینیئر  مرکزی رہنماؤں میں ہوتا تھا۔

وہ مُلک کے 12 ویں صدر اور 1999 میں پہلے  گورنر سندھ  کے عہدے پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف)کے سینیٹر فیصل جاوید نے سابق صدر   مملکت کے انتقال پر تعزیتی  پیغام  جاری کیا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ اللہ تعالی سابق صدر پاکستان ممنون حسین کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

متعدد سیاسی و سماجی شخصیات نے سابق صدر کے انتقال پر تعزیتی پیغامات جاری کیے جن میں گورنر سندھ عمران اسمعیٰل ،قومی وصوبائی وزرا، مسلم لیگ (ن)،  پی ٹی آئی ، ایم کیوایم اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما شامل ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی

موجودہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے  بھی سابق صدر مملکت ممنون حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

 چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اورن لیگ کے صدر اور چیئرمین اپوزیشن شہباز شریف نے بھی سابق صدر ممنون حسین کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہم  نے آج ایک محب وطن پاکستانی اور  ایک درد دل رکھنے والی قیمتی شخصیت  کو کھو دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم نواز شریف کے ایک  وفادار ،بااعتماد اور نظریاتی ساتھی تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی  سابق صدر ممنون حسین کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انکے لیے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

کراچی میں رہائش

ممنون حسین 1940ء میں بھارت کے شہر آگرہ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد ان کا خاندان ہجرت کرکے پاکستان آ گیا اور کراچی میں رہائش پذیر ہوگیا۔ انہوں نے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن سے گریجویٹ  کی ڈگری  حاصل کی۔

ممنون حسین نے پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے آغاز کے دنوں میں ہی اس میں شمولیت اختیار کی اور 30 جولائی 2013 کومسلم لیگ ن کی جانب سے صدارتی انتخاب میں حصہ لیا اور 432 ووٹ حاصل  کرکے بھاری اکثریت سے جیت حاصل کی۔ وہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والی ایک کاروباری شخصیت اور صنعتکار تھے۔

ن لیگ (سندھ )کے سیکریٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر کے مطابق مرحوم کی نماز جنازہ  آج بروز جمعرات بعد نماز عصر ڈیفنس (فیز 5 )کی سلطان مسجد میں ادا کی جائے گی۔ جب کہ تدفین ڈیفنس (فیز 8 )کے قبرستان میں ہوگی۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button