دولت کے لیے ، بیوی کو سانپ سے ڈسوا کر قتل

کیرالہ : بھارت میں دولت ہتھیانے کیلئے سانپ سے ڈسوا کر بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو مجرم قرار دے دیا گیا ہے ۔

تازہ ترین بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ کی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے پیر کے روز قتل کیس میں 28 سالہ سورج ایس کمار نامی کو اپنی بیوی کو کوبرا سانپ سے ڈسوا کر قتل کرنے کے الزام میں مجرم قرار دے دیا ہے ۔

انڈین میڈیا کے مطابق اسکی سزا کا اعلان 13 اکتوبر کو کیا جائے گا جبکہ استغاثہ نے عدالت سے اپیل کی کہ ملزم کو صرف سزائے موت دی جائے کیونکہ جرم بہت شیطانی نوعیت کا ہے ۔

یہ بات واضح رہے کہ یہ واقعہ 7 مئی 2020 کا ہے جب اتھرا نامی خاتون کیرالہ کے ضلع کولام میں اپنے گھر میں سانپ کے کاٹنے کی وجہ سے مردہ پائی گئی تھیں جس کے بعد شک کی بنیاد پر اس کے شوہر کو گرفتار کر لیا گیا تھا ۔

موبائل فون ریکارڈ

وہاں کی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کے موبائل فون کے ریکارڈ سے پتا چلا کہ وہ کافی سپیروں سے رابطے میں تھا اور اس نے بیوی کی جان لینے سے پہلے انٹرنیٹ پر سانپوں کی ویڈیوز بھی بہت دیکھی تھیں ۔

اس لیے پولیس نے ملزم کو سانپ دینے والے سپیرے کو بھی گرفتار کرلیا ہے ۔

اور پولیس نے بتایا کہ لڑکی کا تعلق ایک امیر گھرانے سے تھا اور اس کا شوہر نجی بینک میں ملازم تھا جس کا ذریعہ آمدن کچھ زیادہ خاص نہیں تھا جب کہ ان کا 2 سال کا ایک بیٹا بھی ہے ۔

انڈین پولیس کے مطابق سورج اور اتھرا کی شادی میں بھاری بھرکم جہیز، 100 تولے سونا ، ایک گاڑی اور 5 لاکھ روپے بھی تھے جس پر شوہر کو ڈر تھا کہ طلاق کی صورت میں اس کی بیوی سب کچھ ساتھ واپس لے جائے گی جس کے باعث اس نے بیوی کی جان لے لی تھی ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button