فیصل ایدھی فلسطین جانے کے لیے سرگرم

فیصل ایدھی نے پیر کے روز اعلان کیا کہ انہوں نے  فلسطینی شہریوں کی مدد کرنے کے لئے پاکستان میں فلسطینی سفارت خانے سے ویزا  کے حصول کے لیے درخواست دے دی ہے ۔

فیصل  ایدھی کا کہنا تھا کہ ہم ایدھی فاؤنڈیشن کے توسط سے فلسطین میں امدادی کاموں میں حصہ لینا چاہتے ہیں ، میرے بیٹے سعد ایدھی سمیت پانچ افراد اور میں  خودفلسطین جائیں گے،انہوں نے کہا کہ وہ مصر کے راستے فلسطین جائیں گےاورانہوں نے فلسطین  جانےکے لئے ویزا  کی درخواست دی ہے۔

معروف مخیر عبدالستار ایدھی کے بیٹے نے بتایا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے چند نمائندوں نے اسلام آباد میں فلسطینی سفیر سے ملاقات کی اور  انہیں بتایا کہ جنگ زدہ ملک میں دوائیوں کی اشد ضرورت ہے۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے چیئرمین نے کہا کہ ان کی تنظیم مصر سے کھانا اور دوائی خریدے گی ، انہوں نے مزید کہا کہ انکی  فاؤنڈیشن نے اس مقصد کے لئے 25 سے 30 لاکھ روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔

فیصل ایدھی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم حکومت سے کوئی تعاون نہیں چاہتے ہیں کیونکہ ہم لوگوں کی مدد  کے لیےسب کچھ  خود کریں گے،انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین جانے والے پانچ افراد قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہوں گے۔

اپنے سفر کی مدت  کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں  فیصل نے کہا کہ ایک بار جب وہ فلسطین پہنچیں گے اور صورتحال کا جائزہ لیں گے تو  اس بارے میں حتمی اور بہتر فیصلہ لیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button