کرکٹ میں برابری کا مقابلہ جاری

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست سےدوچار کردیا ۔

انگلینڈ کی ٹیم کےدیے گئے 201 رنز کے ہدف کا تعاقب پاکستانی ٹیم کے لیے ناممکن ثابت ہوا اور وہ مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز ہی بناسکی ۔

یوں انگلینڈ نے میچ  45 رنز سے  جیت لیا اور سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

لیڈز میں کھیلے جانے والے آج کے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کرمیزبان ٹیم انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پہلے کھیلتے ہوئےانگلینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 200 رنز پر آؤٹ ہوگئی ۔  جوز بٹلر، لیام لیونگسٹن اور معین علی نے بہترین کھیل پیش کیا ۔

انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے 59رنزکی شاندار اننگز کھیلی، لیام لیونگسٹن نے 38 رنز بنائے  اور 122 میٹر کا چھکہ بھی لگایا۔ معین علی 36 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی طرف سے محمد حسنین نے 3، عماد وسیم اور حارث رؤف نے  2،2 کھلاڑیوں کی وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے انگلینڈ کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے قابل ذکر  آغاز فراہم کیا۔

پہلی وکٹ کی شراکت میں دونوں نے 50 رنز بنائے تاہم بابر اعظم 22 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد یک بعد دیگرے پاکستانی ٹیم کی وکٹیں گرنے لگیں اور محمد رضوان اور شاداب خان  کے علاوہ کوئی بلے باز مستحکم اسکور نہ کرسکا۔

محمد رضوان 37 بناکر نمایاں رہے جبکہ شاداب خان 36 رنز بناسکے۔پاکستانی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر، مقررہ 20 اوورز میں 155 رنز ہی بناسکی اور 45 رنز سے ہار گئی۔

انگلش ٹیم کی طرف سے ثاقب محمودنے 3، عادل رشید اور معین علی نے 2، 2 وکٹیں لیں۔معین علی کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کاتیسرا، آخری اور فیصلہ کن میچ 20 جولائی کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button