پورے ملک میں موسم کے مختلف انداز

گزشتہ روز شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے جاری ہے،ماڈل ٹاؤن،ٹاؤن شپ،فیروز پور سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش نے شہر کا موسم خوشگوار بنادیا۔

لاہور کے شہری موسم کی تبدیلی سے بے انتہا خوش نظر آرہے ہیں کیونکہ گزشتہ چند روز میں گرمی کی شدت میں کافی تیزی آگئی تھی،درجہ حرارت 42 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا۔

لاہور سمیت لیسکو ریجن کے بیشتر  علاقوں میں بجلی کی فراہمی اب تک معطل ہے، بارش شروع ہوتے ہی لیسکو کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے ۔

 فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں بارش نے  گرمی کا زور توڑ دیا لیکن رات فیصل آباد سمیت فیسکو ریجن کے متعدد فیڈرز ٹرپ کرگئے  تھے جسکے باعث لاہور کی طرح  فیصل آباد کے متعدد  علاقوں   میں بھی بجلی کی فراہمی رات سے معطل ہے ،ان علاقوں میں  پیپلز کالونی،منصور آباد ،ڈی گراؤنڈ ،کوہ نور ٹاؤن  اور کئی  دوسرے علاقے بھی شامل ہیں۔

 دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے،آج کراچی میں درجہ حرارت 37 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔

ڈائیریکٹر میٹ سردار سرفراز کاکہنا ہے کہ  کراچی میں آئندہ 10  روز تک بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے،مئی اور جون کراچی میں گرم ترین  مہینے  ہوتے ہیں   ہاں مگر اسکی امید ہے کہ 15 یا 20 جون کے بعد گرمی کی شدت میں قدرے کمی آئے گی اور  درجہ حرارت میں بھی ایک  دو ڈگری کمی آئے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں سال  پاکستان کے بیشتر علاقوں میں  مثلاً کراچی، سندھ ،خاص طور پر سندھ کے بالائی حصوں میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

Back to top button