پیشیاں اور بیٹھکیں

شہباز شریف کا پارلیمانی ممبران کے لیے عشائیہ

گزشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کے اعزازمیں عشائیہ دیا، شہباز شریف نے ایک بار پھر تمام اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف متحدہ محاذ کی پیش کش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اسلام آباد میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

عشائیہ میں پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی ، راجہ پرویز اشرف شیری رحمن ، امیر حیدر ہوتی ، اے این پی کے مولانا اسد ، جمعیت علمائے اسلام سینیٹر محمود ، ممبر قومی اسمبلی علامہ ساجد میر ، محسن داوڑ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

عشائیہ میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کا عشائیہ

آج جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کا اجلاس صوبائی وزیر اجمل چیمہ کی رہائش گاہ پر ہونے والا ہے،اجلاس کی صدارت جہانگیر ترین کریں گے۔

اجمل چیمہ کی رہائش گاہ پر جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے  ہونے والے ظہرانہ (دوپہر کا کھانا) کو اب عشائیہ (رات کا کھانا)

میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

میٹنگ میں جہانگیر ترین گروپ ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لے گا اور ساتھ ہی ساتھ مستقبل کے لئے عملی اقدامات کا لائحہ عمل مرتب کرے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے بعد صوبائی وزیر اجمل چیمہ جہانگیر ترین ہم  خیال گروپ کے لئے عشائیہ بھی دیں گے۔

قبل ازیں یہ اجلاس پیر کی سہ پہر کو صوبائی وزیر کی رہائش گاہ پر ہونا تھا ،جو بعد میں آج تک کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

اس حوالے سے ذرائع کا  یہ بھی کہنا ہے کہ جب تک اجلاس کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں گی تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ کی بیٹھک

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوا جس میں  سات نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ۔

اجلاس میں ملکی و سیاسی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی   نے اجلاس میں  کابینہ اراکین کو مسئلہ فلسطین پر بریفنگ دی۔

مریم نواز کی والد اور شوہر کے ہمراہ عدالت میں پیشی

نواز  شریف مریم نواز اور  کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی  نیب ریفرینسز میں سزا کے  خلاف  دائر اپیلوں پر  سماعت آج  اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہو ئی،مریم نواز کے وکیل امجد پرویز  نے  سماعت ملتوی کرنے کی استدعا دائر کردی۔

مریم نواز کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ وہ  اس وقت لاہور ہائیکورٹ میں مریم نواز اور نواز شریف کے کیسوں کی پیروی کر رہے ہیں لہذا حاضر ہونے سے قاصر ہیں۔

نواز شریف خود کی دائر کردہ درخواست کی سماعت میں بھی حاضر نہ ہوئے۔

مولانا فضل الرحمٰن کے گھر شہباز شریف کی آمد

قائد حزب اختلاف  شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن سے  انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی،مولانا فضل الرحمٰن نے شہباز شریف کا استقبال کیا ۔

شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کی خیریت دریافت کی اور گلدستہ بھی پیش کیا ،مریم اورنگزیب ،عطاء تارڑ ،غفور حیدری ،مولانا اسعد محمود اور اسلم غوری بھی ملاقات کے وقت موجود رہے۔

شہباز شریف نے پی پی اور ای این پی کی پی ڈی ایم میں واپسی کی راہ ہموار کرنے سے متعلق کوششوں کے بارے میں مولانا فضل الرحمٰن  کو آگاہ کیا۔ رات  کو جو پارلیمانی لیڈرز کو شہباز شریف نے عشائیہ دیا اس سے متعلق اور پی پی اور ای این پی سے پس پردہ رابطوں سے متعلق بھی شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کو آگاہ کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button