پاکستان میں کورونا سے ہلاکتوں میں اضافہ

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث مزید 112 افراد انتقال کرگئے،این سی او سی کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق  پاکستان میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد 16 ہزار 94 ہوگئی ہے ۔

چوبیس گھنٹوں کے دورا ن 65 ہزار 2 سو اناسی کورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ 4 ہزار 9 سو چہتر نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پاکستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7 اعشاریہ 62 فیصد رہی ہے ۔

ہم نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کرونا ایس او پیز میں توسیع اور نئی پابندیوں سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے ،صوبے میں کرونا کی نئی پابندیوں کا نفاذ 16 مئی تک رہے گا ۔

جاری نوٹیفیکیشن کے تحت اب جمعہ کے بجائے ہفتہ اوراتوار کو تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہوں گی، مارکیٹیں اور تجارتی مراکز سحری سے لے کر شام 6 بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی جبکہ ہفتے اور اتوار کو اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔

 مئی 16 تک سیاسی، ثقافتی، سماجی اور کھیلوں کی ہرطرح کی سرگرمیوں پرپابندی ہوگی جب کہ ریسٹورنٹس میں ان ڈورڈائننگ کی فراہمی پر مکمل پابندی ہوگی اورآؤٹ ڈور کھانوں کے اوقات کار افطاری کے بعد سے لے کر رات 12 بجے تک ہوں گے جبکہ رات 12 بجے کے بعد صرف ہوم ڈلیوری اورٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔

حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتے اور اتوار کو بین الصوبائی ٹرانسپورٹ‌ بند رہے گی۔

Back to top button