کوویڈ 19 کی تباہ کاریاں جاری

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 98 افراد انتقال کرگئے، این سی او سی کے جاری کردہ تازہ اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد 16 ہزار 5سو اکیاون ہوگئی ہے۔

چوبیس گھنٹوں کے دورا ن 57 ہزار 5 سو اکیانوے افراد کےکورونا ٹیسٹ کیے گئے ہیں جبکہ 5 ہزار 8 سو ستاون نئےکیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پاکستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 10 اعشاریہ 16فیصد رہی ہے ۔

ملتان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 33 فیصد رہی ، بہاولپور میں 38 فیصد ،لاہور میں 27 فیصد ،راولپنڈی میں 28 فیصد جبکہ کراچی 13 اور حیدرآباد میں 14 فیصد رہی ۔ کورونا کے مسلسل بڑھتے کیسز کی وجہ سے ہسپتالوں پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔

مردان میں اکیانوے فیصد وینٹیلیٹرز کورونا مریضوں سے بھر گئے ہیں ،گوجرانوالہ میں 88 فیصد وینٹیلیٹرز اور 85 فیصد آکسیجن بیڈز پر کورونا مریض ہیں ،ملتان میں 85 فیصد اور لاہور میں 81 فیصد وینٹیلیٹرز کورونا مریضوں کے  زیر استعمال ہیں جبکہ  پشاور 71 ،نوشہرہ 68 اور سوات 66  فیصد مریض آکسیجن بیڈ پر ہیں ، 

ملک بھر کے اسپتالوں میں کورونا کے 6 سو اکیس مریض وینٹیلیٹرز پر زیر علاج ہیں، لاہور کے بڑے اسپتالوں کے آئی سی یوز 95٪ بھر گئے۔

Back to top button