بالآخر آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ طے پاگیا

اسلام آباد : پاکستانی مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں ۔

یہاں آج اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جناب شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ اسی ہفتے ہو جائے گا جس کی شرائط بیان کر دی جائینگی ۔

جناب عالی شوکت ترین صاحب کا کہنا تھا کہ ہمارا کام عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے ، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر بالکل نہیں ہو گی، مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی دے رہے ہیں ۔

مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ مہنگائی ایک عالمی مسئلہ ہے اور عالمی قیمتیں میرے کنٹرول میں نہیں ہیں ۔

پاکستان کے اسٹیٹ بینک کے قوانین میں ترمیم سے متعلق بات کرتے ہوئے مشیر خزانہ کا کہنا تھا کے اسٹیٹ بینک سے متعلق قانون کیلئے آئینی ترامیم کی ضرورت ہے اور آئینی ترامیم کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت موجود نہیں ہے ۔

اس کے علاوہ نیشنل بینک کے سرور پر ہونے والے سائبر حملے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ دشمن ملک ہمارے پڑوس میں بیٹھا ہوا ہے ۔

اس سے قبل گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ ڈیل کی خوشخبری جلد عوام کو ملے گی ۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور جلد آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی خوشخبری ملے گی ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button